بھٹکل 29 نومبر ( ایس او نیوز )جامعہ اسلامیہ بھٹکل کی طلباءکی انجمن اللجنۃ العربیۃ کے زیر اہتمام جامعہ میں کل بدھ سے دور روزہ عظیم الشان بین الاضلاع مختلف نوعیت کے مسابقتی پروگرام کا آغاز ہو رہا ہے ، یہ پروگرام حمد و نعت ، اسلامی ترانے سیرت کوئز اور شبینہ مکاتب کے طلبہ کے لئے ناظرہ قرآن حدر کا مقابلہ رکھا گیا ہے ، پروگرام میں منگلور سے گوا تک کے مختلف اسکول اور مدارس کے طلبہ شرکت کریں گے ۔ جامعہ اسلامیہ بھٹکل میں آج ساحل آن لائن کے نمائندے کے ساتھ بات چیت میں اللجنۃ العربیہ کے مشرف مولانا رحمت اللہ رکن الدین نے یہ جانکاری دی ۔ انہوں نے مزید کہا کہ پروگرام میں طلبہ کو دس زمروں میں تقسیم کیا گیا ہے جس میں مدارس کے طلبہ بڑے درجات کے طلبہ کے مابین حمد ونعت کے ساتھ اسلامی ترانوں کا مقابلہ کرایا جائے گا۔ اس دو روزہ پروگرام میں سوا سو اسکولوں اورمدارس کے کل ساڑھے چار سو طلبہ شرکت کریں گے۔ اس بیچ نائب مشرف اللجنۃ العربیۃ مولانا نعمت اللہ ندوی نے کہا کہ یہ پروگرام اس اعتبار سے کافی اہمیت کا حامل ہے کہ اس میں منگلور سے گوا تک کے مختلف اسکولوں اور اور مدارس سمیت شبینہ مکاتب کے بچوںکو جوڑا گیا ہے جہاں ، ناظرہ قرآن ، نعت حمد اسلامی ترانے وغیرہ کے مقابلے دلچسپ ہونے کی امید ہے ۔۔ واضح رہے کہ کل بدھ صبح ساڑھے نو بجے پروگرام کا آغاز ہورہا ہے اور اس کے لئے تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں ۔ میڈیا نے اپنے جائزہ میں محسوس کیا کہ پروگرام کو لیکر طلبہ میں کافی جوش و خروش ہے ۔ اس دو روزہ مقابلے کے بعد جمعرات کی شب بھٹکل کے جامعہ محلے میں ان مقابلوں میں بہترین کارکردگی انجام دینے والے طلبہ کا عوامی سطح پر مظاہرہ کیا جائے گا ۔ جامعہ اسلامیہ بھٹکل میں کل سے دو روزہ بین الاضلاع مسابقتی پروگرام ، مختلف نوعیت کے پروگراموں میں چار سو سے زائد طلبہ کی شرکت متوقع ہے۔